احتساب کے بغیر گڈ گورننس ممکن نہیں،میرٹ اور شفافیت ہماری بنیادی ترجیح ہے: مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ احتساب، شفافیت اور بروقت فیصلہ سازی کے بغیر اچھی حکمرانی ممکن نہیں۔ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی 27ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے ملاقات میں انہوں نے صوبائی حکومت کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی اور مختلف سوالات کے جواب بھی دیے۔

 وزیراعلیٰ کا مؤقف

مریم نواز نے کہا کہ پبلک سیکٹر میں احتساب نہ ہو تو کارکردگی صفر ہو جاتی ہے۔ پنجاب میں میرٹ کے اصول پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے اور سیاسی بنیادوں پر کوئی تقرری نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی یہ ثابت کردے کہ انہوں نے کسی کی سفارش کی ہے تو وہ استعفیٰ دینے کو تیار ہیں۔

وزیراعلیٰ کے مطابق نچلی سطح پر کرپشن پوری طرح ختم نہ ہوئی ہو، لیکن اعلیٰ سطح پر کرپشن “ناممکن” بنادی گئی ہے۔ پنجاب میں تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین بڑے انتظامی عہدوں—وزراء، سیکرٹری، کمشنر، ڈی سی اور ڈی پی او—پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔

 فلاحی منصوبے

مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب میں 1650 سڑکوں پر مشتمل 30 ہزار کلومیٹر طویل منصوبے جاری ہیں، جبکہ ای ٹینڈرنگ کے ذریعے اربوں روپے کی بچت ہوئی۔ صوبے میں گندم، آٹا اور روٹی کی قیمتیں مستحکم رہیں اور مہنگائی کی شرح 40 فیصد سے کم ہو کر 4 فیصد تک آ گئی۔

انہوں نے کہا کہ وہیل چیئر کی سہولت ہر ای بس میں شامل کی گئی ہے، جدید برن اور آرتھوپیڈک اسپتال بن رہے ہیں، اور پنجاب جلد پاکستان کا پہلا سرکاری کینسر ہسپتال قائم کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ فرسٹ اسٹیج کینسر کے علاج کے لیے کوابلیشن مشین استعمال کی جا رہی ہے، جبکہ ایئر ایمبولینس سروس نے گولڈن آور میں درجنوں جانیں بچائیں۔

 انقلابی اقدامات

وزیراعلیٰ نے کہا کہ 15 ہزار بچوں کی ہارٹ سرجری کے لیے “ہارٹ سرجری کارڈ” پراجیکٹ شروع کیا گیا جس کے تحت 7 ہزار سرجریز مکمل ہو چکی ہیں۔ پنجاب میں ہزار بیڈ پر مشتمل ایک کارڈیالوجی ہسپتال بھی تعمیر کیا جا رہا ہے جو ملک بھر کے بچوں کے علاج کے لیے کام کرے گا۔

 سموگ کنٹرول 

مریم نواز نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی حقیقت ہے اور پنجاب میں سموگ کنٹرول کے لیے تاریخی اقدامات کیے گئے۔ سموگ گن سپرے، فصلوں کی باقیات جلانے پر پابندی، زگ زیگ بھٹے، ایئر کوالٹی مانیٹرنگ فورس اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ سے واضح بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرحد پار فصلیں جلانے کے اثرات لاہور تک آتے ہیں۔

ریسکیو آپریشن

انہوں نے بتایا کہ تھرمل امیجنگ ڈرون کیمروں کے ذریعے سیلاب میں پھنسے لاکھوں افراد اور مویشیوں کو بچایا گیا۔ جنوبی پنجاب میں چھت سے گر کر زخمی ہونے والی خاتون کو بھی ایئر ایمبولینس کے ذریعے بروقت منتقل کیا گیا۔

معاشی پالیسی

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں زراعت کو مکمل طور پر میکانائز کیا جا رہا ہے اور پہلی مرتبہ تین لاکھ مویشی ایڈ کیے گئے۔ اکنامک زونز اور انڈسٹریل اسٹیٹس کے دروازے سرمایہ کاروں کے لیے کھول دیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گارمنٹس سٹی “پلگ اینڈ پلے” پراجیکٹ مکمل ہو چکا ہے۔

شرکاء کی تعریف

نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء نے حکومت پنجاب کے اقدامات کو سراہا اور وزیراعلیٰ کی میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔

Comments are closed.