اسلام آباد: حکومت پاکستان نے عوام کو مہنگائی سے جزوی ریلیف فراہم کرتے ہوئے اگلے 15 روز کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔ اس حوالے سے وزارت خزانہ کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (HSD) کی قیمت میں 2، 2 روپے فی لٹر کی کمی کی گئی ہے۔ قیمتوں میں اس کمی کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 252 روپے 63 پیسے فی لٹر، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 256 روپے 64 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 28 اپریل کی رات 12 بجے کے بعد سے ہو چکا ہے۔
حکومتی اقدام کو معاشی ماہرین نے وقتی ریلیف قرار دیا ہے، تاہم عوامی سطح پر اس فیصلے کو سراہا جا رہا ہے۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے مزید ریلیف دیا جائے تاکہ روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں بھی بہتری آ سکے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت پر آیا ہے جب حکومت آئی ایم ایف پروگرام کے تحت مالیاتی نظم و ضبط اور ریونیو اہداف کے درمیان توازن قائم رکھنے کی کوشش کر رہی ہے۔
Comments are closed.