حکومت نے عمران خان کےخلاف توہین عدالت کی درخواست دائرکردی

سپریم کورٹ کے 25 مئی کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی کی گئی،عمران خان کی آج سے نہیں بلکہ اداروں کو بدنام کرنے کی ایک تاریخ ہے،عمران خان آئینی طریقے سے آنے والی حکومت کو دھمکیاں دے رہے ہیں:سپریم کورٹ میں دائردرخواست میں موقف

اسلام آباد : لانگ مارچ سے روکنے کی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے حکومت نے عمران خان کےخلاف توہین عدالت کی کارروائی کےلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔ 25 مئی کو عدالتی حکم کی خلاف ورزی کو جواز بنایا گیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے 25 مئی کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی کی گئی۔عمران خان نے ایچ نائن گراونڈ جانے کے بجائے ورکرز کو ڈی چوک کال دی۔پی ٹی آئی ورکرز نے ریڈ زون میں سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچایا۔پولیس اور خفیہ ایجنسیوں کی رپورٹس سے واضح ہے کہ عدالتی احکامات کی توہین کی گئی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے 25 مئی کو فیصلہ دیا تھا جس پر عمران خان نے عمل نہیں کیا۔اب پھر عمران خان اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرنے کا اعلان کرچکے ہیں اور لانگ مارچ کو کامیاب کرنے کے لئے کارکنوں کو جہاد جیسے لفظ استعمال کرکے اکسا رہے ہیں۔عمران خان جان بوجھ کر عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی۔۔درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عمران خان اور ان کےپارٹی رہنما عدلیہ اور ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کا ٹرینڈ چلا رہے ہیں۔عمران خان کی آج سے نہیں بلکہ اداروں کو بدنام کرنے کی ایک تاریخ ہے۔عمران خان آئینی طریقے سے آنے والی حکومت کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔

Comments are closed.