فرانس میں توہین رسالت کے واقعات کے خلاف مذہبی جماعتوں کے شدید احتجاج کے بعد تحریک انصاف حکومت فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کیلئے قرارداد قومی اسمبلی میں پیش کرے گی۔
قومی اسمبلی کا جمعرات (22 اپریل 2021) تک ملتوی ہونے والے اجلاس کو ری شیڈول کرتے ہوئے آج منگل (20 اپریل2021) کی سہ پہر 3 بجے طلب کر لیا گیا ہے، جس میں فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے حوالے سے قرارداد ایوان میں پیش کی جائے گی۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کی تفصیلات سے قومی اسمبلی ایوان کو آگاہ کریں گے۔
واضح رہے کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے ملک بھر بالخصوص لاہور میں احتجاج، مظاہروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں سے تصادم کے نتیجے میں پیدا کشیدہ صورتحال کے بعد حکومت کی جانب سے مذاکرات کیے گئے اور حکومت نے فرانسیسی سفیر کی ملک بدری سے متعلق قرارداد قومی اسمبلی میں پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں کہا تھا کہ فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کا نقصان فرانس کی بجائے پاکستان کو ہوگا، فرانس کے بعد کل کسی اور ملک میں توہین مذہب یا توہین رسالت کا واقعہ رونما ہوا تو اس کے سفیر کو بھی ملک سے نکالا جائے گا؟ سفیر کی ملک بدری اس مسئلے کا حل نہیں، اس لئے یورپ کے ساتھ تعلقات خراب ہوں گے۔
Comments are closed.