پاکستان سعودی عرب بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرتے ہیں، سعودی عرب سے پرائیویٹ سیکٹر پاکستان میں سرمایہ کاری کرے گا، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ریکوڈک پر جلد پیشرفت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستانی معیشت میں مسلسل استحکام آ رہا ہے، پچھلے ایک سال میں پاکستان کی معیشت مستحکم ہوئی ہے، جس کے نتائج ملنا شروع ہوگئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں خاطر خواہ کمی آ رہی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور روپے کی قدر میں استحکام آیا ہے جبکہ مہنگائی کی شرح بھی سنگل ڈیجٹ میں آچکی ہے، توقع ہے شرح سود میں مزید کمی ہوگی، شرح سود میں کمی سے معاشی سرگرمیاں بحال ہوں گی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ معاشی اصلاحات کی بہتری کیلئے کام کر رہے ہیں اور اس وقت ہم معاشی محاذ پر بہترین پوزیشن میں آگئے ہیں، ہم نے مائیکرو اکنامک اسٹیبلیٹی کیلئے کام کیا ہے، حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں ہے بلکہ کاروبار کیلئے سہولیات فراہم کرنا ہے، نجی شعبے کی شراکت داری سے ملکی معیشت کو مستحکم کر سکتے ہیں۔
فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے متعدد مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دوست ممالک کے سرمایہ کاروں کیلئے ریڈ کارپٹ بچھانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، سعودی عرب میں پٹرولیم کے خام مال کے بیشمار وسائل موجود ہیں۔
مصدق ملک کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کو بزنس ماڈلز متعارف کرانے کی ضرورت ہے، ایس آئی ایف سی سعودی سرمایہ کاروں کو مکمل تعاون فراہم کرے گا جبکہ سعودی عرب پاکستان میں سیاحت کے مواقعوں سے استفادہ کر سکتا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان سعودی عرب بزنس فورم کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اہم سرمایہ کاری اورکاروباری معاہدوں پر بات ہوگی جب کہ سعودی وزارت سرمایہ کاری وفد کے دورہ پاکستان میں متعدد اہم معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔
Comments are closed.