تحریک انصاف حکومت کا 40 لاکھ خاندانوں کوغربت سے نکالنے کا منصوبہ

تحریک انصاف حکومت نے ملک کے 40 لاکھ خاندانوں کو غربت سے نکالنے کا منصوبہ بناتے ہوئے ‘کامیاب پاکستان’ پروگرام 29 جولائی سے لانچ کرنے کا فیصلہ کیاہے۔

مشیر خزانہ شوکت ترین وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کی ملاقات ہوئی، جس میں وزیرمملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب بھی شریک ہوئے۔ ملاقات میں فیصلہ ہوا کہ وزیراعظم 29 جولائی کو حکومت کے سب سے بڑے فلاحی منصوبے کا آغاز کریں گے، مرکزی تقریب کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہو گی، عثمان ڈار کو تیاریوں کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔

مشیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے عوامی فلاح کے منصوبوں میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا ہے، ملکی سطح پر‘‘کامیاب پاکستان’’ پروگرام 29 جولائی سے لانچ ہوگا، کامیاب پاکستان حکومت کا فلاحی ایجنڈے پر مشتمل سب سے بڑا پروگرام ہو گا، ہاوسنگ منصوبے، اسکل ڈویلپمنٹ اور آسان قرضے کامیاب پاکستان پروگرام کا حصہ ہوں گے۔

ہیلتھ کارڈز اور زرعی خدمات بھی کامیاب پاکستان پروگرام میں شامل ہوں گے، جبکہ 40 لاکھ خاندانوں کو غربت سے نکالنے کیلئے جامع پلان بنایا گیا ہے۔معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ اربوں روپے کا بجٹ مختص، 5 لاکھ روپے تک بغیر سود قرضہ دیا جائے گا، کامیاب کسان پروگرام کے تحت کسانوں کو سود کے بغیر قرض اور کاروبار کیلئے رقم ملے گی۔

حکومت ہر خاندان میں سے 1 فرد کو ٹیکنیکل ایجوکیشن دے گی، منصوبے کے ذریعے ملک بھر کی عوام کو لو کاسٹ ہاوسنگ اسکیم میں شامل کیا جائیگا، مائیکروفنانسنگ کے ذریعے نچلے طبقے کی مدد کا طریقہ کار بھی طے کیا گیا ہے۔

Comments are closed.