حماس ایک ایسا نظریہ ہے جسے ختم نہیں کیا جاسکتا: ترجمان اسرائیلی فوج

اسرائیل کی فوج کے اعلیٰ ترجمان ریئر ایڈمرل ڈینیئل ہگاری کا حماس سے متعلق بیان موضوعِ بحث بنا ہوا ہے جس پر حکومت کی جانب سے بھی ردِعمل دیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بدھ کو اسرائیل کے چینل 13 کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ “حماس ایک نظریہ ہے، ہم نظریے کو ختم نہیں کر سکتے۔”

انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ یہ کہنا کہ ہم حماس کو ختم کرنے جا رہے ہیں لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنا ہے۔ اگر ہم کوئی متبادل فراہم نہیں کریں گے تو حماس موجود رہے گی۔

فوج کے اعلیٰ ترجمان کے اس بیان پر ردِ عمل بھی آیا ہے۔ اسرائیلی وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو کے دفتر نے اس بیان کو فوری طور پر مسترد کردیا ہے۔

نیتن یاہو کی کابینہ کا کہنا ہے کہ غزہ میں کارروائیاں اس وقت تک ختم نہیں ہوں گی جب تک حماس کو شکست نہیں دی جاتی۔

دوسری جانب اسرائیل کی فوج نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر ایک الگ بیان میں واضح کیا کہ ڈینیئل ہگاری نے حماس کو ایک “نظریے کے طور پر بیان کیا اور ان کے بیانات واضح تھے۔”

فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئی دوسرا دعویٰ بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کر رہا ہے۔

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.