پنجاب میں گرمی کی تیز لہر، 22 مئی سے اسکولوں میں چھٹیوں کا فیصلہ

ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم نے ہیٹ ویو کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں چھٹیاں وقت سے پہلے دینے کا عندیہ دیا ہے۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر طلبہ کے والدین سے چھٹیوں سے متعلق سے رائے مانگی تھی، جس پر تقریباً 7 ہزار سے زیادہ افراد نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔

سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اپنی رائے کا اظہار کرنے والوں میں سے 96 فی صد نے فوری طور پر اسکولوں میں چھٹیاں کرنے کا مطالبہ کیا، جس پر وزیرتعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ والدین کی آرا اور موسم کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے 22 مئی سے چھٹیوں کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ کو موسم کی شدت کے اثرات سے بچانا اولین ترجیح ہے۔ امتحانات والے نجی اسکولوں کو کھلے رکھنے کی مشروط اجازت ہوگی جب کہ تعطیلات کے حوالے سے نیا نوٹی فکیشن آج یا کل تک جاری کر دیا جائے گا۔ جن نجی اسکولوں میں امتحانات ہو رہے ہیں ان کے سوا تمام اسکولوں میں 22 مئی سے چھٹیاں دی جا رہی ہیں۔

قبل ازیں محکمہ تعلیم کی جانب سے پنجاب میں گرمی کی تیز لہر کے باعث 25 تا 31 مئی تک اسکول بند رکھنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ گرما کی تعطیلات یکم جون تا 14 اگست ہوں گی۔

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.