بارسلونا میں پاکستانیوں کیلئے انسداد ہیپاٹائٹس کے حکومتی پروگرام کی کامیاب تکمیل

سپین کے شہر بارسلونا میں پاکستانی کمیونٹی کیلئے شروع کیا جانے والا انسداد ہیپاٹائٹس پروگرام کے پہلے مرحلے کی کامیاب تکمیل کے بعد صوبائی حکومت نے پروگرام کوتوسیع دیتے ہوئے دیگر ممالک کے تارکین وطن کو بھی پروگرام میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

پاکستانیوں کیلئے صوبائی حکومت کے خصوصی پروگرام کے اختتام پر پاکستانی قونصل خانہ بارسلونا میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری تھے ۔ اس تقریب میں کاتالان ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جوردی گومز، ہاکیما اوآرب اور پاکستانی ہیلتھ ورکرطاہر رفیع نے شرکت کی اور پراجیکٹ کے رزلٹ پیش کئے گئے۔

ہیاٹائٹس سی کے اس پراجیکٹ کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کرنے والی پاکستانی تنظیمات کے کردار کو سراہا گیا، اس کے ساتھ ساتھ قونصل جنرل عمران علی چوہدری کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے لئے ہیپاٹائٹس سی کے اس پراجیکٹ کو کامیاب بنانے کیلئے قونصل خانے کے دروازے کھولے اور کاتالان ڈپارٹمنٹ کی ٹیم ہفتہ میں ایک دن قونصلیٹ میں آکرسائلین کے ٹیسٹ کرتی رہی اور پندرہ منٹ میں  اسکا رزلٹ دے دیتی تھی۔

اس پروگرام کے ذریعے مجموعی طورپر 502 پاکستانی افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں زیادہ تعداد خواتین کی تھی، ہیپاٹائٹس سی کے ٹیسٹ کے ساتھ ساتھ معالج ٹیم اس مرض کے حوالے سوالات بھی کرتی تھی جس سے نتیجہ اخذ کیا گیا  کہ مرد حضرات کی نسبت خواتین کو ہیپاٹائٹس  متعلق زیادہ معلومات  تھیں۔ اس پراجیکٹ کہ دوران جتنے بھی سیشن فرد واحد یا گروپ کی صورت میں کئے گئے اس میں کم و بیش 100 فیصد لوگوں نے اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ٹیسٹ کروائے۔

اس پراجیکٹ کی کامیابی کو دیکھتے ہوءے کاتالان حکومت نے اس پروگرام کو ناصرف پاکستانی کمیونٹی کیلئے دوبارہ شروع کر دیا ہے بلکہ دوسری کمیونٹیز کو بھی شامل کیا گیا ہے، پاکستانی ہیلتھ ورکر طاہر رفیع نے پاکستانی سماجی اور مذہبی تنظیموں سے درخواست کی ہے کہ وہ کمیونٹی کی بہتر صحت کہ لئیے اپنا کردار ادا کریں اور ان پراجیکٹ میں حصہ لیں۔قونصل جنرل بارسلونا  عمران علی  چوہدری نے آرگنائزرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہر وہ پراجیکٹ جو پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لئے ہو گا اس کے لئے  قونصلیٹ کے دروازے ہمیشہ کھلے رہے رہیں گے۔

Comments are closed.