ارشد شریف کی گاڑی پر 9 گولیاں چلیں،کینیا پولیس کو غلطی پرپچھتاوا
گاڑی کی ونڈ سکرین پر نو گولیاں لگیں،دو گولیاں گاڑی کے عقبی حصے میں لگیں،چار گولیاں دائیں طرف کے دروازے پر لگیں جبکہ ایک ایک گولی گاڑی کی ڈگی اور ٹائر پر لگی، نیروبی پولیس کا موقف،ارشد شریف کے اہلخانہ اور دوستوں سے اظہار تعزیت، تحقیقات جاری
کینیا : پاکستانی صحافی ارشد شریف کینیا میں پولیس کی فائرنگ سے قتل کر دیئے گئے۔ نیروبی پولیس حکام اور مقامی میڈیا کہ مطابق ارشد شریف کی گاڑی پر مجموعی طور پر 17 گولیاں لگیں۔مقتول صحافی کی گاڑی کی ونڈ سکرین پر نو گولیاں لگیں،دو گولیاں گاڑی کے عقبی حصے میں لگیں،چار گولیاں دائیں طرف کے دروازے پر لگیں جب کہ ایک ایک گولی گاڑی کی ڈگی اور ٹائر پر لگی۔
کینیا کی پولیس کے مطابق جس طرح کی کار میں ارشد شریف سوار تھے ویسی ہی کار میں بچے کو یرغمال بنانے کی اطلاع ملی تھی جس پر روڈ بلاک کر کے گاڑیوں کی چیکنگ کی جا رہی تھی،اسی اثناء میں پاکستانی صحافی کے ڈرائیور نے کار روکنے کے بجائے قوانین کی خلاف ورزی کی جس پر ان کا پیچھا کیا گیا اور یہ افسوسناک واقعہ رونما ہوا۔
کینیا پولیس کے مطابق انڈیپنڈنٹ پولیسنگ اوورسائٹ اتھارٹی معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔دوسری جانب پاکستان میں بھی ارشد شریف کے قتل پر جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا جا رہا ہے تاکہ پتہ چل سکے کہ ارشد شریف کا واقعہ قتل کا واقعہ ہے یا حادثہ؟
دوسری جانب انسپکٹر جنرل کینیا پولیس نے کہا ہے کہ پاکستانی ارشد شریف کی موت پولیس فائرنگ سے ہوئی۔انہوں ںے کینیا میں پاکستانی صحافی ارشد شریف کے جاں بحق ہونے پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ پولیس نے علاقے میں گاڑی چوری کی اطلاع پر ناکہ بندی کی ہوئی تھی۔
کینیا پولیس کے انسپکٹر جنرل کے مطابق گزشتہ رات مرم روڈ پر پولیس کی فائرنگ سے پاکستانی ارشد شریف کی موت واقع ہوئی، متعلقہ حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ انسپکٹر جنرل کینیا پولیس نے افسوسناک واقعے پر پاکستانی صحافی ارشد شریف کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
Comments are closed.