گمنامی میں چلا جائوں گا،فوج سے روحانی رشتہ رہےگا، جنرل باجوہ
فوج جنرل عاصم منیر کی قیادت میں نئی منازل عبور کرے گی،ان کی تعیناتی ملک و فوج کیلئے مثبت ثابت ہوگی،جب فوج کی کامیابی ہوگی خوشی ہوگی اور جب فوج پر مشکل وقت آئے گا میری دعائیں آپ کے ساتھ ہوں گی، سبکدوش آرمی چیف کی کمان تبدیلی کی تقریب سے خطاب
راولپنڈی : سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ میں گمنامی میں چلا جائوں گا لیکن روحانی رابطہ فوج سے رہے گا۔فوج جنرل عاصم منیر کی قیادت میں نئی منازل عبور کرے گی اور انکی تعیناتی ملک و فوج کیلئے مثبت ثابت ہوگی۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے جی ایچ کیو میں پاک فوج کی کمان کی تبدیلی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل عاصم منیر کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ ان کی ترقی ملک اور فوج کی کامیابی کا باعث بنے گی۔جنرل باجوہ نے خوشی کا اظہار کیا کہ فوج ایک مایہ ناز اور قابل افسر کے حوالے کرکے جارہا ہوں۔
سکبدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ا 44 سال پہلے میرا فوجی سفرآج اختتام پذیر ہورہا ہے۔6 سالہ دور میں ایل او سی کے معاملات، دہشتگردی، امن و امان یا قدرتی آفات کا مقابلہ ہو، اس فوج نے ہمیشہ میری آواز پر لبیک کہا۔میں نے ان سے جہاں پسینہ مانگا انہوں نے خون دیا۔جب فوج کی کامیابی ہوگی خوشی ہوگی اور جب فوج پر مشکل وقت آئے گا میری دعائیں آپ کے ساتھ ہوں گی۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اپنی فوج پر فخر ہے، جو کم وسائل کے باوجودسیاچن سے لے کر صحرا تک سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے۔یہ لسانیت، رنگ نسل اور مذہب کی تفریق سے بالاتر ہوکر ملک کے چپے چپےکا دفاع کرتی ہے، یقین ہے آنے والے وقت میں فوج جنرل عاصم کی قیادت میں اس سے بڑھ کر ملک کی خدمت کرے گی۔
Comments are closed.