لاہور: پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے پہلگام واقعے کے تناظر میں بھارت کو سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت نے پاکستان کی سرحد پار کرنے کی غلطی کی تو یہ اس کی “تاریخی بھول” ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام اور افواج کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ بھارت اپنے ہی شہریوں کے خون پر سیاست کر رہا ہے۔ پہلگام واقعے میں جان بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے پاکستان مکمل ہمدردی رکھتا ہے اور ان کے لیے انصاف کا مطالبہ کر رہا ہے۔ لیکن اس واقعے کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنا سراسر غیر اخلاقی اور سیاسی مقاصد کے لیے استحصال ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ جس قسم کی جارحیت کی جائے گی، اسی شدت سے جواب دیا جائے گا۔ مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ دوست ممالک سمیت دنیا جان چکی ہے کہ خطے کے امن کا سب سے بڑا دشمن بھارت خود ہے، جو دہشت گردوں کا سرپرست بن چکا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے واضح کیا کہ پاکستان امن کا داعی ہے لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو اس کے نتائج کا ذمہ دار بھارت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستانی قوم دشمن کے ہر وار کو ناکام بنانے کے لیے متحد ہے اور دشمن کا غرور خاک میں ملانے کو تیار ہے۔
Comments are closed.