بھارت نے اگر آگ لگائی ہے تو دھوئیں کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہے: وزیر اعظم پاکستان

اسلام آباد — وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر کیے گئے حملے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مکار دشمن نے پاکستان کے پانچ مقامات پر بزدلانہ حملے کیے، جن میں سویلین آبادی اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا گیا۔

وزیراعظم نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انکشاف کیا کہ بھارتی حملے میں پانچ مقامات پر میزائل فائر کیے گئے، جس کے نتیجے میں دو پاکستانی شہری شہید ہو گئے اور متعدد مقامات پر مساجد کو نقصان پہنچا۔

محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان، بھارت کی مسلط کردہ اس جنگی کارروائی کا پورا جواب دینے کا حق رکھتا ہے، اور پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے فوری اور بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور قوم کا حوصلہ اور جذبہ بلند ہے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ دشمن کی ہر جارحیت کا جواب جرأت اور اتحاد سے دیا جائے گا۔

وزیراعظم کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے بھارتی حملوں کی تفصیلات بھی جاری کی گئی تھیں جن میں مسجد، ڈسپنسری اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔

Comments are closed.