بھارت اگر چیمپئنز ٹرافی میں شرکت نہیں کررہا تو نہ کرے لعنت بھیجو: شیخ رشید

راولپنڈی میں عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے ان سے کام لینا تھا لے لیا، اب گولی اندر اور چوہا جالندھر ہوگیا ہے، یہ ایسی حکمران پارٹیاں ہیں جو آئی ایم ایف کے شکنجے میں ہیں، ہو سکتا ہے قومی حکومت بھی وجود میں آجائے۔

انہوں نے کہا کہ نہ غریب کا چولہا جل رہا ہے،نہ کرایہ دیا جارہا ہے، جو سرکاری نوکریاں تھیں وہ بھی ختم کردی گئی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کی وجہ سے جو غریب عوام پر عذاب نازل ہوگا وہ دیکھنا پڑے گا، خود تو یہ لوگ اپنے کیسز ختم کرا کے پاکستان سے چلے گئے ہیں۔

شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ بھارت اگر چیمپئنز ٹرافی میں شرکت نہیں کررہا تو نہ کرے لعنت بھیجو، جو کشمیر ،غزہ اور فلسطین میں ہورہا ہے اس میں بھارت ملا ہوا ہے، نوازشریف بھارت سے پینگیں بڑھا رہے ہیں، ہمیں بنگلا دیش سے بہتر تعلقات قائم کرنے چاہئیں۔

Comments are closed.