مسلم لیگ (ن) آتی ہے تو ملک ترقی کرتا ہے، نواز شریف کا دعویٰ

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے لاہور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

نواز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر 1990 کا ترقیاتی سفر جاری رہتا تو آج پاکستان ترقی کی دوڑ میں کہیں آگے ہوتا۔ انہوں نے مہنگائی میں کمی کو عوام کے لیے باعثِ سکون قرار دیتے ہوئے کہا کہ پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہو کر 12 فیصد پر آنا ملکی معیشت کے استحکام کی علامت ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان ایک بار پھر ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف دن رات محنت کر رہے ہیں، اور پنجاب سمیت ملک بھر میں عوام میں خوشی اور اطمینان نظر آ رہا ہے۔ “اللہ تعالیٰ نے تیزی سے گرتی ہوئی معیشت اور قوم کو بچا لیا ہے۔ ہمیں شکر ادا کرتے ہوئے عوامی خدمت کا سفر جاری رکھنا ہے۔”

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ انہوں نے اپنی سیاسی زندگی میں کئی اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں، لیکن جب بھی مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آئی، ملک نے ترقی کی۔ ان کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز نے عوامی خدمت اور ملکی ترقی کی ایک نئی مثال قائم کی ہے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت کو عوامی خدمت کا استعارہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا، “نواز شریف پاکستان کی ترقی کا نام ہے اور ہم سب ان کے سپاہی ہیں۔”

ارکان اسمبلی نے بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ ن لیگ کے دور میں ہی ملک کو ترقی، روشنی، خوشیاں اور رنگ ملے ہیں۔ انہوں نے مریم نواز کی جانب سے متعارف کردہ اصلاحاتی اقدامات کو بے مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ ای ٹینڈرنگ کا شفاف نظام، میرٹ پر ترقیاتی منصوبے، اور واہگہ ٹورازم کوریڈور جیسے اقدامات حکومت کی کامیاب حکمت عملی کے مظہر ہیں۔

ملاقات میں سینیٹر پرویز رشید، رانا ثناء اللہ، پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور دیگر پارٹی رہنما بھی شریک تھے۔

Comments are closed.