ہم کہیں گے تو الیکشن ہوگا، نہیں کہیں گے تو نہیں ہوگا:خالد مقبول صدیقی
کراچی ہمارا شہر ہے، اس کے مستقبل کا فیصلہ بھی ہم کریں گے، ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا خطاب
کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ہمارا شہر ہے، اس کے مستقبل کا فیصلہ بھی ہم کریں گے۔سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اربوں روپے خرچ کرنے والے ایم کیو ایم کو ختم نہیں کر سکے، پریشان وہ ہیں جو2018 میں الیکشن جیتے۔ ہم کہیں گے تو الیکشن ہوگا ہم نہیں کہیں گے تو نہیں ہوگا۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ناانصافیوں کے خلاف ہمیشہ آواز اٹھائی، ہم نے اس شہرکو بنایا اب اس کو بچائیں گے، ہمیں جب بھی موقع ملا ہم نے شہرکراچی کی بہتری کیلئے کام کیا۔ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر نے کہا کہ آپ کو فیصلہ کرنا ہے کہ منصفانہ الیکشن ہوئے تو لڑنا ہے، ایم کیو ایم نہیں ہو گی تو الیکشن بھی نہیں ہوں گے، فیصلہ کراچی کے عوام نے کرنا ہے کہ الیکشن ہونے ہیں یا نہیں؟۔
ڈاکٹرخالد مقبول نے کہا کہ ہم کہیں گے تو الیکشن ہوگا ہم نہیں کہیں گے تو نہیں ہوگا، طاقت ہمارے ہاتھ میں ہے، ایم کیو ایم کے اندر ایم کیو ایم کی طاقت ہے۔ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شفاف انتخابات کے نتیجے میں مہاجر قوم کو نہیں ہرا سکتے، اس قوم کے ساتھ مردم شماری میں ناانصافی ہوئی، غلط حلقہ بندیاں کرنے والوں کے حلق میں حلقہ بندی پھنس جائے گی۔
Comments are closed.