کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے تاجروں سے کہا ہے کہ اگر انہیں کسی قسم کی شکایت ہو تو براہ راست ان سے رابطہ کریں۔ کراچی میں تاجر برادری کے اعزاز میں منعقدہ ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تاجروں کو کہیں اور جانے یا چغلی کرنے کی ضرورت نہیں، ہم ان کے مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ تسلیم کرتے ہیں کہ کئی مسائل اب بھی حل طلب ہیں، تاہم سندھ حکومت تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھتہ خوری کے خاتمے کا سہرا سندھ حکومت اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے سر ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اب تاجروں سے بھتہ نہیں لیا جاتا اور انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی نہیں دی جاتیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر کسی افسر یا شخص کی جانب سے کوئی ناجائز مطالبہ کیا جا رہا ہو تو اس کا نام بتائیں تاکہ اس مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی تاجروں سے چندہ یا بھتہ نہیں مانگا، اور ان کا مقصد صرف یہ ہے کہ تاجروں کو سہولت فراہم کی جائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سندھ حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے نہ صرف کامیاب منصوبے چلا رہی ہے بلکہ ان منصوبوں کو عالمی سطح پر بھی سراہا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ واحد صوبہ ہے جو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے عوامی خدمت کے کامیاب منصوبے مکمل کر رہا ہے اور یہ منصوبے اب منافع کما رہے ہیں۔
Comments are closed.