وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے مگر آئی ایم ایف کی سخت شرائط کے باعث فوری طور پر ایسا ممکن نہیں۔ انہوں نے اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام مکمل ہوتے ہی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے راستے کھل جائیں گے۔
عمران خان معاشی تباہی کا ذمہ دار
رانا ثنااللہ نے کہا کہ “عمران خان پروجیکٹ” کے لانچ کے بعد ملک میں معاشی تباہی آئی۔ ان کے مطابق 2017 میں مہنگائی 3 فیصد تھی جو چار برسوں میں بڑھ کر 40 فیصد تک پہنچ گئی، جس کے اثرات آج تک محسوس کیے جا رہے ہیں۔
حکومتی ترجیحات
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ملک کو آگے بڑھانا، ترقی دینا اور عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے ماضی میں ملک کو نقصان پہنچایا، ان کے احتساب کا مرحلہ بعد میں بھی آ سکتا ہے، مگر اس وقت سب سے اہم کام ملکی معیشت کو سنبھالنا ہے۔
ہری پور ضمنی الیکشن
رانا ثنااللہ نے ہری پور کے ضمنی انتخاب میں حکومتی امیدوار کی کامیابی پر خوشی اور حیرانی دونوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا ہری پور میں انتخابی مہم کے دوران دھمکیاں دے رہے تھے، جبکہ جھوٹے مقدمات، گالم گلوچ اور نفرت جیسے اقدامات کبھی مثبت نتائج نہیں دیتے۔
Comments are closed.