پاکستان کوآئی ایم ایف سے 1 ارب 20 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط مل گئی

اسلام  آباد:آئی ایم ایف سے پاکستان کو قرض پروگرام کے تحت ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط مل گئی ہے۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے رقوم اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو موصول ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

اسلام آباد سے جاری کردہ اپنے ویڈیو پیغام میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے قرض پروگرام کے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط اسٹیٹ بینک میں منتقل کر دی ہے۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان کو 3 ارب ڈالر ملنے ہیں، آئی ایم ایف کا پروگرام 9 ماہ کا ہے اور 3 ارب ڈالر پاکستان کو ملیں گے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ توقع  ہے کہ ہمارے کل زرمبادلہ کے ذخائر 13 اور 14 ارب ڈالر کے درمیان ہوں گے، رواں ہفتے اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 4 ارب 20 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ اس حوالے سے اسٹیٹ بینک اپنی رپورٹ جاری کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ قرض پروگرام کے بقیہ ایک ارب 80 کروڑ ڈالر 2 جائزہ رپورٹس کے بعد پاکستان کو مل جائیں گے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت میں وزیراعظم شہباز شریف کا کردار اہم رہا ہے، ان کے علاوہ حکومتی معاشی ٹیم نے بھی مشکل اور کٹھن سفر میں بھرپور ساتھ دیا۔

Comments are closed.