گورنر ہاؤس پنجاب میں صدر اور وزیراعظم کی اہم ملاقات، سیاسی و خارجہ امور پر مشاورت

لاہور: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان گورنر ہاؤس پنجاب میں ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور خارجہ صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس اعلیٰ سطحی ملاقات میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شریک تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت کو حالیہ بیرونی دوروں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دنیا میں امن، تعاون اور ترقی کا پیغام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان دوروں کے دوران پاکستان کے موقف کو سراہا گیا اور دوست ممالک کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط ہوئے۔

اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمیں مل کر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آج دنیا پاکستان کی کامیابیوں کو تسلیم کر رہی ہے اور کوئی بھی ملک پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔

صدر زرداری نے افواج پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک افواج کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور قربانیوں کی بدولت آج پاکستان ایک مضبوط ریاست کے طور پر کھڑا ہے۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ملک میں سیاسی استحکام، معاشی اصلاحات اور مؤثر خارجہ پالیسی کے ذریعے ترقی کا سفر جاری رکھا جائے گا۔

Comments are closed.