سابق وزیراعظم عمران خان نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے بیان کا دبنگ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ خواہش تو یہی ہے کہ دونوں رہیں لیکن اگر ان کی ضد ہے تو پھر یہی کہوں گا وہ نہیں رہیں گے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کے موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وفاقی وزیرداخلہ کے حالیہ بیان سے متعلق سوال پر کہا کہ خواہش تو یہی ہے دونوں رہیں، لیکن اگر وہ (رانا ثناء اللہ) کہہ رہے ہیں تو یہی کہوں گا پھر وہ نہیں رہیں گے۔ واضح رہے کہ رانا ثناء اللہ نے گزشتہ روز بیان دیا تھا کہ پی ٹی آئی نے ملک کو اس موڑ پر لاکھڑا کیا ہے کہ یا ہم رہیں گے یا عمران خان۔
دریں اثناء سابق وزیراعظم عمران خان نے رانا ثناء اللہ کے بیان کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ رانا ثناء اللہ کا بیان کھلے الفاظ میں دھمکی ہے، عدالت وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ، آئی جی پنجاب، ایس ایس پی کو گرفتار کرے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کیلئے مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے ہوتے ہیں اب بھی مذاکرات ہو سکتے ہیں لیکن اس کے لئے ون پوائنٹ ایجنڈا ہے الیکشن کرائیں، امپائر کو ساتھ ملا کر کھیلنے والوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ کا کیا پتہ۔۔ اسٹیبلشمنٹ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر نامعلوم پیچھے ہو جائیں تو پی ڈی ایم کی حکومت آج ختم ہو جائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں رول آف لاء ختم ہوچکا ہے،اظہر مشوانی کو اغوا کیا گیا، حسان نیازی کی ضمانت ہونے کے بعد اسے پھر گرفتار کر لیا گیا۔
Comments are closed.