ناموس رسالتؐ کیلئے امہ ایک ہو جائے، عمران خان کے مسلم سربراہان مملکت کو خطوط

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے مسلم ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ ناموس رسالتؐ، توہین مذہب اور اسلاموفوبیا کے بڑھتے واقعات کی روک تھام کے لئے مشترکہ اورسخت موقف دنیا کے سامنے رکھنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی تشہیرکے خلاف عالمی سطح پر آواز بلند کر دی، عمران خان نے مسلم ممالک کے وزرائے اعظم، سربراہان مملکت کو خط ارسال کیا ہے، جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ اسلامی ممالک متحد ہو کر گستاخانہ خاکوں اور اسلاموفوبیا کیخلاف آواز اٹھائیں۔

وزیراعظم نے خط میں موقف اپنایا ہے کہ مسلم ممالک کو حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کرنے والوں کے خلاف متحد ہو کر آواز بلند کرنا ہو گی، ہمیں مغرب کو بتانا ہو گا کہ اس گستاخی کے وجہ سے ہم کتنے دکھی ہیں۔

عمران خان نے خط میں لکھا ہے کہ یورپی و دیگر غیر مسلم ممالک کے سربراہان کو یہ بتانا ہوگا کہ جس طرح ہولوکاسٹ یہودیوں کے لئے دل آزاری کا باعث ہے اسی طرح ناموس رسالت اور قرآن پاک کی بے حرمتی سے مسلمانوں کےجذبات مجروح ہوتے ہیں۔

وزیراعظم نے مزید لکھا ہے کہ یورپ میں مساجد کو بند کیا جارہا ہے، مسلمان خواتین کو ان کی مرضی کے لباس بالخصوص حجاب اوڑھنے سے روکا جارہا ہے، یورپ سے اعلیٰ قیادت کی سطح پر متنازعہ بیانات اسلامو فوبیا بڑھنے کا ثبوت ہے۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات پرمسلمانوں کی جانب سے ردعمل آتاہے اور پھر ان کے جواب میں مسلم برادری کے خلاف حکومتی سطح پر متعصبانہ اقدامات اٹھائے جاتے ہیں، اس تمام تر صورتحال میں انتہاء پسند اور امن دشمن گروہوں کو حالات خراب کرنے کا موقع مل جاتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج امت مسلمہ کو سحت تشویش اور بےچینی کا سامنا ہے، وقت آگیا ہے کہ مسلم دنیا کے رہنماء متحد ہوکر پوری دنیا کو ایک واضح اور سخت پیغام دیں کہ اسلام اور ہمارے پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ناموس پرحملے بند ہونے چاہئیں۔

Comments are closed.