پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے طور پر اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو نامزد کر دیا ہے۔ یہ اہم سیاسی پیش رفت اڈیالہ جیل میں ان سے ملاقات کے دوران سامنے آئی۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی
ذرائع کے مطابق عمران خان نے ملاقات کیلئے آنے والے رہنماؤں کو بتایا کہ اپوزیشن اتحاد کی جانب سے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیلئے محمود خان اچکزئی کو آگے لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد اپوزیشن اتحاد کی سرگرمیاں مزید متحرک ہونے کا امکان ہے۔
سینیٹ میں قائد حزب اختلاف
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کیلئے نامزدگی کے معاملے پر مزید مشاورت کی ہدایت دی ہے۔ اب تک کی صورتحال کے مطابق اعظم سواتی کو اس منصب کے لئے مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔
پس منظر
یاد رہے کہ 9 مئی کے مقدمات میں انسداد دہشت گردی عدالت سے سزا پانے کے باعث پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے محروم ہوگئے تھے۔ انہیں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سمیت قومی اسمبلی کی تمام قائمہ کمیٹیوں سے بھی ہٹا دیا گیا تھا۔ بعدازاں الیکشن کمیشن نے عدالت کے فیصلے کی روشنی میں عمر ایوب اور شبلی فراز کی نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ دونوں رہنماؤں نے اس فیصلے کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔
ضمنی انتخابات کی حکمت عملی
ذرائع کے مطابق عمران خان نے پارٹی کو ہدایت دی ہے کہ ملک بھر میں ہونے والے تمام ضمنی انتخابات بھرپور طریقے سے لڑے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دیا گیا ہے، ان کے اہل خانہ کو پارٹی ٹکٹ کیلئے ترجیح دی جائے گی تاکہ عوامی نمائندگی کا تسلسل برقرار رہ سکے۔
Comments are closed.