عمران خان کو ان کی بہن اور پارٹی نے خود مائنس کر دیا: عظمیٰ بخاری

لاہور: پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو ان کی اپنی بہن اور پارٹی نے ہی سیاست سے مائنس کر دیا ہے۔ انہوں نے یہ بیان ایک پریس کانفرنس میں دیا جس میں پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات اور گروپ بندیوں پر روشنی ڈالی گئی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ قدرت کا انتقام دیکھیں، جو عمران خان کبھی نوازشریف کو مائنس کرنے آیا تھا، وہ خود اپنے گھر اور پارٹی سے مائنس ہو چکا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کی بہن علیمہ خان مسلسل خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔

ان کے مطابق علی امین گنڈاپور نے بطور چیف ایگزیکٹو خیبرپختونخوا اسمبلی سے بجٹ منظور کرایا، ورنہ آئینی طور پر ان کی برطرفی یقینی تھی۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ علیمہ خان کا گروپ اور پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا ونگ علی امین کے خلاف مہم چلا رہے ہیں، جس کی تصدیق خود علی امین گنڈاپور نے بھی کی ہے۔

انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ وفاق میں پی ٹی آئی تین مختلف گروپوں میں تقسیم ہو چکی ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں بھی تین گروپس سرگرم ہیں:

ایک گروپ جنید اکبر کی قیادت میں

دوسرا عاطف خان کا

اور تیسرا گروپ پارٹی کے باغیوں پر مشتمل ہے

عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کا صوبہ گزشتہ 12 سال سے نااہل اور کرپٹ ٹولے کے رحم و کرم پر ہے، جس کی وجہ سے وہاں گورننس اور ترقی شدید متاثر ہوئی ہے۔

اس کے برعکس انہوں نے پنجاب حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب میرٹ، گڈ گورننس اور شفافیت میں ملک کے دیگر صوبوں کے لیے رول ماڈل بن چکا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کارکردگی کے لحاظ سے تمام وزرائے اعلیٰ میں نمبر ون ہیں۔

Comments are closed.