ماضی میں جہازوں کے ماڈل جلائےگئے، آج فخر سے یادگاریں بنائیں” – وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہونہار اسکالرشپ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب جنگ کے باعث ملتوی کرنی پڑی تھی، لیکن آج سبز ہلالی پرچم سربلند ہے اور ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئی نسل میں وطن سے محبت کا جذبہ دیکھ کر خوشی ہوئی، ہمارا دشمن ہم سے تعداد اور وسائل میں بڑا تھا، لیکن افواج پاکستان نے بہادری سے لڑائی لڑی اور پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی رہی۔ ہم نے صرف جنگ نہیں جیتی بلکہ آنے والی نسلوں کا مستقبل بھی محفوظ بنایا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں نوجوانوں کو اداروں سے نفرت سکھائی گئی، جہازوں کے ماڈل جلائے گئے، شہداء کی یادگاروں کی توہین کی گئی، اور فوجی وردی کا مذاق اڑایا گیا۔ مگر آج وہی وردی پہنے ہوئے جوان سرحدوں پر شہید ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے دشمن کے رافیل طیارے کو مار گرایا اور ہماری فضائیہ کے پائلٹس نے پوری قوم کا سر بلند کر دیا۔ مریم نواز نے سی ایم ایچ لاہور میں زخمی غازیوں کی عیادت کی اور ان کی قربانیوں کو سراہا۔ ایک غازی نے ان سے کہا کہ “اگر سو جانیں ہوتیں تو وطن پر قربان کر دیتا”۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو ایٹمی دھماکوں سے روکنے کی کوشش کی گئی تھی، پابندیوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا، مگر انہوں نے کہا کہ “یہ میرے وطن کے دفاع کا سوال ہے”۔ آج دشمن جانتا ہے کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے جسے میلی آنکھ سے نہیں دیکھا جا سکتا۔

وزیراعلیٰ نے کہا: “ہم نے 28 مئی کو 5-6 سے اور 10 مئی کو 0-6 سے فتح حاصل کی۔ آج کے نوجوان ان تاریخی دنوں کے وارث ہیں”۔ انہوں نے آرمی چیف، ایئر چیف، نواز شریف اور تمام محب وطن کرداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔

مریم نواز نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کا حصہ نہ بنیں، کسی کے آلہ کار نہ بنیں بلکہ وطن کی ترقی میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور ان کی ٹیم کی محنت کو بھی سراہا اور نوجوانوں کو قوم کا روشن مستقبل قرار دیا۔

Comments are closed.