بھارت:آتش بازی کے سامان میں دھماکہ، سات افراد ہلاک اور 75 زخمی

بھارت میں آتش بازی کا سامان تیار کرنے والی ایک فیکڑی میں زبردست دھماکے کے نتیجے میں کم از کم سات افراد ہلاک اور قریب 75 زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں کو بچانے کے لیے فوجی ہیلی کاپٹر طلب کر لیے گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا پر نشرکردہ ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آتش بازی کی ایک فیکڑی میں دھماکے کے بعد دھواں آسمان کی طرف اٹھ رہا ہے۔

طبی حکام کی طرف سے سات ہلاکتوں کی اطلاع دی گئی ہے۔ مقامی حکام کے مطابق درجنوں ایمبولینس جائے حادثہ کی طرف بھیج دی گئی ہیں جبکہ زخمیوں کو بچانے کے لیے فوجی ہیلی کاپٹروں کو بلایا گیا ہے۔ حکام کی طرف سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع ہردا کے ایک ہسپتال کے ملازم نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا ہے، ”ابھی تک ہم سات ہلاکتوں کی تصدیق کر سکتے ہیں۔‘‘ اس اہلکار کا مزید کہنا تھا، ”یہاں 65 زخمیوں کو لایا گیا ہے اور 10 زخمیوں کو ہم نے بڑے ہسپتال بھیج دیا ہے۔‘‘

امدادی کارروائیوں کی نگرانی کرنے والے اہلکار کیلاش چند پارٹے کے مطابق آگ شدید ہے اور 15 گاڑیاں آگ بجھانے کی کارروائی میں مصروف ہیں۔ پارٹے کا نیوز ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ”کم از کم آٹھ افراد شدید زخمی ہیں۔ ہم یہاں سائٹ پر موجود ہیں اور امدادی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ لوگوں کو ہسپتالوں میں بھیج رہے ہیں۔ اس لیے ہم فوری طور پر ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق نہیں کر سکتے۔‘‘
ان کا مزید کہنا تھا، ”ہم ابھی تک 70 سے 75 زخمیوں کو بچانے میں کامیاب رہے ہیں۔ ان تمام کو مقامی ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔‘‘

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.