بھارت نے جنگ بندی کے بعد 32 ایئرپورٹس دوبارہ کھول دیے، سرحدی علاقوں میں امن قائم

بھارت نے پاکستان کے ساتھ حالیہ جنگ بندی کے بعد پیر کے روز 32 ایئرپورٹس کو دوبارہ کھول دیا ہے۔ ائیرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا کے مطابق ان ایئرپورٹس میں بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کا سری نگر ایئرپورٹ اور مغربی ریاست گجرات کے بھوج ایئرپورٹ سمیت دیگر اہم مقامات شامل ہیں، جنہیں اب “فوری طور پر” سول پروازوں کے لیے بحال کر دیا گیا ہے۔

یہ فیصلہ گزشتہ ہفتے دونوں ممالک کے درمیان شدید جھڑپوں اور فضائی و زمینی کشیدگی کے بعد کیا گیا، جس کے باعث ان ایئرپورٹس کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا۔ بھارتی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق صورتحال میں بہتری کے بعد پروازوں کی بحالی کا عمل فوری طور پر شروع کیا گیا ہے۔

بھارتی نجی ایئر لائن IndiGo نے اعلان کیا ہے کہ وہ بند کیے گئے روٹس پر مرحلہ وار فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کرے گی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ مسافروں کی سہولت اور سیکیورٹی کو مدِنظر رکھتے ہوئے پروازوں کی شیڈولنگ بحال کی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ ہفتے کے روز پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا اعلان ہوا تھا، تاہم ابتدائی طور پر دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کیے۔ پیر کو سرحدی علاقوں میں صورت حال نسبتاً پُرامن رہی، اور کسی بڑی خلاف ورزی کی اطلاع نہیں ملی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹس کی بحالی نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی کی علامت ہے بلکہ سفری و تجارتی معمولات کے بحال ہونے کی امید بھی پیدا ہو گئی ہے۔

Comments are closed.