خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد گروہ کے کیڈٹ کالج وانا پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جبکہ دیگر 3 کو کالج کے اندر محصور کرلیا گیا۔
بھارتی حمایت یافتہ گروہ فتنہ الخوارج کا حملہ
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد گروہ فتنہ الخوارج نے کیڈٹ کالج وانا پر حملہ کیا۔ دہشتگردوں نے کالج کے حفاظتی حصار کو توڑنے اور مرکزی گیٹ کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں گیٹ تباہ اور قریبی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔ تاہم سیکیورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کی پیش قدمی روک دی۔
دہشتگرد ہلاک
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد مارے گئے جبکہ 3 دیگر کالج کے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ فورسز نے انہیں کالج کے انتظامی بلاک میں محصور کردیا ہے، جہاں سرچ آپریشن جاری ہے۔
دہشتگردوں کے اہداف اور منصوبے
فوجی ترجمان کے مطابق دہشتگردوں کا تعلق بھارتی حمایت یافتہ تنظیم فتنہ الخوارج سے ہے، جو ماضی میں بھی پاکستان میں خوف و دہشت پھیلانے کے لیے حملے کرتی رہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ یہ دہشتگرد ایک بار پھر وہی بزدلانہ کارروائی دہرانے کی کوشش کررہے ہیں جو 2014 میں آرمی پبلک اسکول پشاور پر کی گئی تھی۔ ان کا مقصد نوجوانوں اور خاص طور پر قبائلی علاقوں کے طلبہ میں خوف پھیلانا ہے تاکہ وہ تعلیم سے دور رہیں۔
افغان طالبان سے مبینہ روابط
آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ آور افغان طالبان کے زیرِ اثر اپنی قیادت سے رابطے میں ہیں اور کارروائی کے دوران افغانستان سے ہدایات وصول کررہے ہیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ یہ عمل افغان طالبان کے ان دعوؤں کے برعکس ہے جن میں وہ دہشتگردوں کی موجودگی سے انکار کرتے ہیں۔ پاکستان نے دوٹوک مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ اپنی سلامتی کے تحفظ کے لیے سرحد پار موجود دہشتگردوں اور ان کی قیادت کے خلاف کارروائی کا حق رکھتا ہے۔
دہشتگردوں کے خلاف آپریشن جاری
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن تیز کردیا ہے تاکہ تمام دہشتگردوں کا صفایا کیا جا سکے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے “ویژن عزمِ استحکام” کے تحت ملک سے غیرملکی حمایت یافتہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
عوام سے تعاون کی اپیل
آئی ایس پی آر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ دہشتگردوں کے سہولت کاروں کی نشاندہی کریں اور ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے میں سیکیورٹی فورسز کا ساتھ دیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاک فوج قوم کے تعاون سے دہشتگردی کی باقی جڑیں بھی کاٹ ڈالے گی۔
Comments are closed.