پاکستان میں کورونا وائرس کی بھارتی قسم کا پہلا کیس رپورٹ

وفاقی وزارت صحت کے مطابق جنوبی افریقی  قسم کے7  اور بھارتی قسم کے ایک کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔اس سے قبل وزیرصحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے بھی کراچی میں کورونا وائرس کی جنوبی افریقی قسم کے تیزی سے پھیلنے کی تصدیق کی تھی۔

انہوں نے بتایا تھاکہ  57 افراد کے نمونوں پرسیرولوجیکل تحقیق کی گئی ہے جن میں سے کراچی میں 71 فیصد کیسز کورونا کی جنوبی افریقی قسم کے رپورٹ ہوئے اور 20 فیصد کیسز برطانوی قسم کے ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان آنے والے 12 بھارتی سفارت کاروں میں سے ایک کی اہلیہ اپنے ساتھ کورونا بھی لے آئی تھیں۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے رواں ماہ کے اوائل میں بی پوائنٹ ون پوائنٹ سکس ون سیون کو عالمی سطح پر قابل تشویش ویریئنٹ قرار دیا تھا۔بھارت کے سینئر ویرولوجسٹ شاہد جمیل نے کہا تھا کہ کورونا کی اس قسم کے دو خطرناک پہلو ہیں جو انسانی سیلز سے منسلک ہیں۔

ڈبلیو ایچ او نے کہا تھا کہ بی 1.617 پہلی مرتبہ گزشتہ برس بھارت میں رپورٹ ہوا تھا جبکہ پہلی قسم کی نشان دہی اکتوبر 2020 میں ہوئی تھی.بعدازاں وائرس مختلف ممالک میں پھیل گیا تھا اور کئی حکومتوں نے بھارت کے ساتھ آمد و رفت محدود کردی تھی۔بھارت میں کورونا وائرس نے تباہی مچادی تھی اور ایک وقت میں روزانہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد چار لاکھ سے تجاوز کرگئی تھی جبکہ میڈیا رپورٹس میں حقیقی تعداد اس سے کئی گنا زیادہ بتائی جارہی تھی۔

Comments are closed.