اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے واضح کیا ہے کہ جموں و کشمیر کا مسئلہ حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار اور دیرپا امن کا قیام ممکن نہیں۔
انہوں نے یہ بات اقوام متحدہ میں عرب گروپ کے سفیروں کو جنوبی ایشیائی خطے کی موجودہ علاقائی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی، لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیز کارروائیاں اور دیگر جارحانہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہیں۔
عاصم افتخار احمد نے مزید کہا کہ پاکستان نے بھارت کی کھلم کھلا جارحیت پر عالمی قوانین کے تحت اپنے دفاع کے حق میں متناسب ردعمل دیا۔ انہوں نے عرب سفیروں کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کشیدگی کم کرنے، جنگ بندی کو برقرار رکھنے اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
پاکستانی مندوب نے زور دیا کہ کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل ہی جنوبی ایشیا میں مستقل امن کا واحد راستہ ہے۔
Comments are closed.