وزیراعظم شہباز شریف سے انڈونیشیا کے وزیر دفاع کی ملاقات، دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے انڈونیشیا کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) سیافری سمسودین نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک نے تجارتی، دفاعی اور اقتصادی تعاون سمیت تمام شعبوں میں دوطرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانٹو کے ساتھ حالیہ قاہرہ میں جی 8 سربراہی اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات کو یاد کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان تاریخی، ثقافتی، مذہبی اور برادرانہ تعلقات پر گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک عالمی سطح پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں اور کثیرالجہتی پلیٹ فارمز پر باہمی مفادات کا تحفظ کرتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ اقتصادی و تزویراتی تعلقات، تجارت، دفاع اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے۔ دونوں رہنماؤں نے کثیر الجہتی دوطرفہ تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور مشترکہ مفاد کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کے تحت جاری اقدامات کا جائزہ لیا، اور اس کے نفاذ کو تیز کرنے پر اتفاق رائے ہوا۔

انڈونیشین وزیر دفاع سیافری سمسودین نے انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانٹو کی جانب سے وزیراعظم اور پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور خصوصاً دفاعی پیداوار میں تعاون کے مزید مواقع تلاش کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

یہ ملاقات پاکستان اور انڈونیشیا کے مابین بڑھتے ہوئے تعلقات کو ایک نئی جہت دینے کی جانب اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔

Comments are closed.