عالمی یوم فائر فائٹرز: جانوں کی پرواہ کیے بغیر خدمت انجام دینے والے ہیروز کو خراج تحسین

اسلام آباد: دنیا بھر میں 4 مئی کو عالمی یوم فائر فائٹرز منایا جاتا ہے تاکہ ان بہادر اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا جا سکے جو انسانی جان و مال کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں۔

فائر فائٹرز ڈے کی ابتدا 1999 میں اُس وقت ہوئی جب آسٹریلیا میں جنگلات میں لگنے والی شدید آگ کو بجھاتے ہوئے پانچ فائر فائٹرز جان کی بازی ہار گئے تھے۔ یہ دن ان کی قربانی کی یاد اور دنیا بھر کے ان تمام فائر فائٹرز کو عزت و احترام دینے کے لیے منایا جاتا ہے جو انسانی خدمت کی اس عظیم ذمہ داری کو انجام دیتے ہیں۔

یوم فائر فائٹرز منانے کا مقصد نہ صرف ان کی قربانیوں کا اعتراف کرنا ہے بلکہ اس پیشے کو درپیش خطرات، چیلنجز اور سہولیات کی کمی کو بھی اجاگر کرنا ہے۔ یہ دن عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے بھی اہم سمجھا جاتا ہے تاکہ لوگ آگاہ ہوں کہ کس طرح فائر فائٹرز اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر دوسروں کی زندگی بچاتے ہیں۔

بدقسمتی سے پاکستان میں ان ہیروز کو وہ مقام، وسائل اور حفاظتی سہولیات میسر نہیں جو بین الاقوامی سطح پر دیگر ممالک میں فراہم کی جاتی ہیں۔ محدود تنخواہیں، ناکافی تربیت اور جدید آلات کی کمی ان کے لیے اضافی مشکلات پیدا کرتی ہیں۔

اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں مختلف اداروں کے زیر اہتمام تقریبات، ریلیاں، کانفرنسز اور آگہی سیمینارز کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن میں فائر سیفٹی کی اہمیت، حفاظتی اقدامات اور فائر فائٹرز کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالی جا رہی ہے۔

Comments are closed.