بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی 12 کورونا کیسز رپورٹ ہونے پر ایک بار پھر بند

اسلام آباد کی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی سے ایک بار پھر 12 کورونا کیسز رپورٹ ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس کہ بعد وزارت قومی صحت اور ضلعی انتظامیہ نے یونیورسٹی کو 14 روز کے لئے بند کر دیا ہے۔

دنیا بھر کی پاکستان کے مختلف علاقوں میں بھی کورونا وباء ایک بار پھر شدت اختیار کر رہی ہے، کورونا وائرس کی دوسری لہر میں تعلیمی اداروں سے کورونا کیسز کی بڑی تعداد رپورٹ ہو رہی ہے،6 نومبر کو اسلام آباد کے تعلیمی اداروں سے 14 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔

نیوز ڈپلومیسی کو موصول وزارت قومی صحت کے مراسلے کے مطابق بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے مختلف شعبوں کے 12 افراد کورونا وائرس کا شکار ہو گئے، بڑی تعداد میں کورونا کیسز رپورٹ ہونے پر یونیورسٹی کو فوری طور پر سیل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔

وزارت صحت کی جانب سے ہدایت کی ہے کہ جن افراد کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے انہیں اور ان کے اہلخانہ کو چودہ روز کے لئے قرنطینہ کیا جائے، اس کے ساتھ وائرس سے متاثرہ افراد سے میل جول رکھنے والوں کو بھی کورونا ٹیسٹ کرانے کا کہا جائے۔ یونیورسٹی انتظامیہ مختلف شعبوں میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے جراثیم کش سپرے سمیت دیگر حفاظتی اقدامات یقینی بنائے۔

یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب یونیورسٹی بندش کا باقاعدہ نوٹی فیکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی 7 سے 20 نومبر تک ہر قسم کی سرگرمی کے لئے بند رہے گی، اس دوران تمام کلاسز آن لائن ہوں گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صرف ضروری سٹاف کو یونیورسٹی کے اندر آنے کی اجازت ہوگی، اور اس کے لئے بھی متعلقہ ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ سے اجازت لینا لازمی قرار دی گئی ہے، یونیورسٹی عمارت کے اندر اور حدود میں ڈس انفیکشن کا عمل بھی ہوگا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کورونا وائرس کے خطرات کے باعث انتظامیہ نے 27 اکتوبر کو یونیورسٹی کو بند کیا تھا، دوسری جانب اسلام آباد ماڈل سکول فار گرلز جی الیون ون میں بھی 2 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے، اب تک 71 تعلیمی اداروں کو دو یا دو سے زائد کورونا مریضوں کی نشاندہی پر سیل کیا جا چکا ہے۔

Comments are closed.