بلوچستان میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر انٹرنیٹ سروسز معطل

بلوچستان میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر موبائل انٹرنیٹ ڈیٹا سروس معطل کر دی گئی ہے۔ صوبائی حکام کے مطابق کوئٹہ سمیت پورے بلوچستان میں یہ فیصلہ ممکنہ خطرات کے باعث کیا گیا ہے، اور سروس کی بحالی 15 اگست تک ممکن نہیں۔

پی ٹی اے کی تصدیق اور متاثرہ اضلاع
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) حکام کا کہنا ہے کہ صوبے کے مختلف اضلاع جن میں کوہلو، چمن، قلعہ عبداللہ، پشین، لورالائی، زیارت، قلعہ سیف اللہ، نوشکی اور ہرنائی شامل ہیں، وہاں موبائل انٹرنیٹ سروس غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دی گئی ہے۔

طلبہ، فری لانسرز اور کاروباری افراد شدید متاثر
انٹرنیٹ بندش نے طلبہ اور آن لائن کاروبار سے وابستہ افراد کو مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ طلبہ آن لائن کلاسز میں شرکت نہیں کر پا رہے، جبکہ فری لانسرز اور ای کامرس سے وابستہ افراد کا روزگار بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔

سکیورٹی وجوہات کا حوالہ
حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ قدم مکمل طور پر سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر اٹھایا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو بروقت روکا جا سکے۔ تاہم شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متبادل اقدامات کیے جائیں تاکہ عام لوگوں کا روزمرہ متاثر نہ ہو۔

Comments are closed.