آئی او ایم ای ڈی ، چین کی قیادت کا عالمی ثالثی نظام کی تشکیل میں اہم کردار ہے :اسحاق ڈار

ہانگ کانگ: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آئی او ایم ای ڈی (International Organization for Mediation) کے مشترکہ تصور کو حقیقت میں تبدیل کرنے میں چین کی قیادت کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے یہ بات ہانگ کانگ میں ثالثی کی بین الاقوامی تنظیم کے قیام سے متعلق کنونشن پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اسحاق ڈار نے پاکستان کی جانب سے اس اہم کنونشن پر دستخط کیے اور چین کے اس وژن کو سراہا جس کے تحت عالمی سطح پر ثالثی کے ایک منظم اور غیر جانب دار نظام کے قیام کی بنیاد رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اس کنونشن میں نمائندگی کرنا باعث فخر ہے اور چین کو اس تاریخی تقریب کی میزبانی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہانگ کانگ نہ صرف ایشیا بلکہ عالمی سطح پر ایک “سپر کنیکٹر” اور “سپر ویلیو ایڈر” کے طور پر مشرق اور مغرب کے درمیان تعلقات کا پل بن چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تقریب ثالثی، عالمی سفارت کاری اور بین الاقوامی تعلقات میں ایک نئے دور کی علامت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تجارتی اور سرمایہ کاری تنازعات کے پرامن حل اور عدالتی نظام کی بہتری کے لیے ایک موثر ثالثی مرکز قائم کیا گیا ہے۔

اسحاق ڈار نے عالمی برادری کی توجہ دیرینہ تنازعات کی طرف دلاتے ہوئے کہا کہ کشمیر اور فلسطین پر غیرقانونی قبضے خطے اور عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل کا حل مکالمے، انصاف، اور عدل و مساوات کے اصولوں کے تحت ہونا ضروری ہے، اور پاکستان اس جدوجہد میں اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مشرقی ہمسایہ خطے میں امن و سلامتی کے لیے ایک مسلسل خطرہ ہے، اور اس کی بلاجواز فوجی جارحیت بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اسحاق ڈار نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ان خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور علاقائی استحکام کے لیے کردار ادا کرے۔

Comments are closed.