ایران نے ایک بڑی غلطی کی ہے اور اسے خمیازہ بھگتنا پڑے گا:نیتن یاہو

ایران نے منگل کی شام اسرائیل پر تقریباً 180یلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔ اسرائیل کے وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران نے آج رات ایک بڑی غلطی کی ہے اور اسے اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا، ’’ایران میں موجود حکومت ہمارے دفاع کے عزم کو سمجھنے میں ناکام رہی ہے اور وہ اپنے دشمنوں سے بدلہ لینے کے ہمارے عزم کو بھی نہیں سمجھتی۔‘‘

رائٹرز کے مطابق اسرائیل کے اقوام متحدہ کے لیے سفیر نے ایک الگ بیان میں کہا ہے کہ ایران اپنے اقدامات کا خمیازہ جلد بھگتے گا اور وہ جواب اس کے لیے بہت تکلیف دہ ہوگا۔

دوسری طرف ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایکس(سابق ٹوئیٹر) پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کی جانب سے میزائل حملے، اسرائیل کی جارحیت کے خلاف پرعزم ردعمل تھا۔

انہوں نے کہا کہ “ایران اور خطے کے لیے امن اور سلامتی” کے مقصد کے ساتھ ایران کے “جائز حقوق” کی بنیاد پر، اسرائیل کو “ایرانی مفادات اور شہریوں کے دفاع میں” فیصلہ کن جواب دیا گیا۔

نیتن یاہو کو مخاطب کرتے ہوئے پزشکیان نے کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم کو یہ جان لینا چاہیے کہ “ایران جنگ کا خواہاں نہیں ہے لیکن کسی بھی خطرے کے خلاف مضبوطی سے کھڑا رہے گا”۔

یہ حملہ اسرائیل اور ایرانی حمایت یافتہ گروپوں، حزب اللہ اور حماس کےدرمیان مہینوں سے جاری کشیدگی کے دوران کیا گیا ہے۔ اس حملے کی عالمی رہنماؤں کی جانب سے شدید مذمت کی گئی ہے۔

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.