ایران کا اسرائیل کے خلاف جنگ میں حمایت پر پاکستان کا شکریہ، ایرانی فوجی سربراہ کا فیلڈ مارشل عاصم منیر سے رابطہ

ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ 12 روزہ جنگ کے دوران پاکستان کی حمایت پر ایران نے باضابطہ طور پر اظہار تشکر کیا ہے۔ ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل عبدالرحمان موسوی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ٹیلیفونک گفتگو میں ایران کی حکومت، افواج اور عوام کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔

ایرانی خبررساں ایجنسی کے مطابق جنرل موسوی نے کہا کہ پاکستان کی اصولی اور جرات مندانہ حمایت نے ایران کے مؤقف کو تقویت دی اور خطے میں یکجہتی کا واضح پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کی اس دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب 13 جون کو اسرائیل نے ایران پر اچانک حملوں کا آغاز کیا تھا۔ ان حملوں میں ایرانی فوج اور پاسدارانِ انقلاب کے سینئر کمانڈرز، ساتھ ہی جوہری سائنسدان بھی شہید ہوئے۔ ابتدائی حملے انتہائی تباہ کن تھے، جن کا ہدف شہری و عسکری تنصیبات تھیں۔

بعد ازاں امریکہ نے بھی ایران کے جوہری مراکز جیسے فردو، نطنز اور اصفہان پر فضائی کارروائیاں کیں، جس سے خطے میں شدید کشیدگی نے جنم لیا۔ جواباً ایران نے اسرائیل پر درجنوں میزائل داغے، جنہوں نے تل ابیب سمیت اہم علاقوں کو نشانہ بنایا۔

پاکستان نے اس تمام صورتحال میں خطے میں امن کی بحالی اور مسلم امہ کے اتحاد پر زور دیا۔ تاہم پاکستان نے یکطرفہ اسرائیلی اور امریکی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے ایران کی خودمختاری کے دفاع کا بھی کھل کر اعلان کیا۔ پاکستانی دفتر خارجہ اور عسکری قیادت کے بیانات میں علاقائی خودمختاری اور باہمی احترام کو بنیادی اصول قرار دیا گیا۔

فوجی رابطے اور بیانات یہ ظاہر کرتے ہیں کہ پاکستان اس نازک صورتحال میں ایک ذمہ دار اور بامعنی کردار ادا کر رہا ہے، جس میں نہ صرف خطے میں توازن کی ضرورت کو اجاگر کیا گیا بلکہ امت مسلمہ کے اتحاد کی ضرورت کو بھی نمایاں کیا گیا۔

Comments are closed.