آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرسے ایران کے وزیر خارجہ امیر عبداللہیان نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور دہشتگردی سے انٹیلی جنس شیئرنگ کے ذریعے نمٹنے پر اتفاق کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور تحفظات کو سمجھنے پر زور دیا گیا۔آرمی چیف نے کسی بھی ریاست کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام پر بھی زور دیا۔انہوں نے کہاکہ یہ اقدام مقدس اور ریاست سے ریاست کے تعلقات کی بنیاد ہے ۔ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دہشت گردی مشترکہ خطرہ ہے۔ اس سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون، بہتر رابطہ کاری اور انٹیلی جنس شیئرنگ کی ضرورت ہے۔دونوں فریقوں نے مشترکہ خطرات کے خلاف رابطہ کاری اورفوجی رابطہ افسروں کی تعیناتی کے طریقہ کار کو فعال کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
ایرانی وزیرخارجہ اور آرمی چیف نے اتفاق کیا کہ برادر ممالک کے درمیان کسی کو خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔فریقین نے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
Comments are closed.