اسلام آباد بلدیاتی انتخابات:الیکشن کمیشن کوفیصلے سے روکنے کی استدعا مسترد
اسلام آباد کے بلدیاتی انتخاب چاہے موجودہ حکومت کو سوٹ نہیں کرتے یا سابقہ حکومت کو،تحریک انصاف نے یقین دہانی کے باوجود اپنے دور میں بلدیاتی الیکشن نہیں کرایا،موجودہ حکومت بھی یقین دہانی کے باوجود بلدیاتی الیکشن نہیں کرا رہی:جسٹس محسن اختر کیانی
اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو بلدیاتی انتخابات سے متعلق آج فیصلہ کرنے سے روکنے کیلئے تحریک انصاف کی استدعا مسترد کردی۔عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کردیئے۔جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخاب چاہے موجودہ حکومت کو سوٹ نہیں کرتے یا سابقہ حکومت کو۔تحریک انصاف نے یقین دہانی کے باوجود اپنے دور میں بلدیاتی الیکشن نہیں کرایا۔موجودہ حکومت بھی یقین دہانی کے باوجود بلدیاتی الیکشن نہیں کرا رہی۔
جسٹس محسن اختر کیانی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف انٹراکوٹ اپیل پرسماعت کی۔پی ٹی پی اسلام آباد کے صدرعلی نوازاعوان کے وکیل سردار تیمور نے دلائل دیئے کہ سنگل بینچ نے معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجا۔وفاقی حکومت نے الیکشن کے قریب یونین کونسلزبڑھانے کا ایک نیا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن نے اس نوٹیفکیشن کے باوجود الیکشن 31 تاریخ کو ہی کرانے کا آرڈر جاری کیا۔سنگل بینچ نے الیکشن کمیشن کا وہ آرڈر کالعدم قرار دیا۔عدالت نے الیکشن کمیشن کو وفاقی حکومت کو سننے کا کہا لیکن الیکشن کمیشن نے پھر فیصلہ محفوظ کرلیا۔جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے واضح اعلان کیا کہ اسلام آباد کا بلدیاتی انتخاب ہونا ہے۔اس بات میں کوئی دوسری رائے نہیں کہ الیکشن کمیشن خود مختاری سے اپنا کام کررہا ہے۔
Comments are closed.