اسلام آباد:جرائم پیشہ اور منشیات میں ملوث گینگز کے خلاف بھرپورکریک ڈاؤن کاحکم

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں امن عامہ کو بہتر بنانے اور جرائم پیشہ گینگز کی سرکوبی کا محاذ سنبھال لیا۔وزارت داخلہ کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق محسن نقوی نے اجلاس کی صدارت کے موقع پر منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث گینگز کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد پولیس اور پوری ٹیم کو ٹاسک دے دیا ۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ایسے گینگز کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے باہر آئس سمیت دیگر نشہ آور اشیا کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں ہے، منشیات فروش ہمارے مستقبل کے دشمن ہیں انکے خلاف سخت ترین ایکشن ہو گا۔ محسن نقوی نے بھکاری مافیا اور پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف موثر کارروائی کا بھی حکم دیا اور غیر ملکی شہریوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس کے دوران اسلام آباد میں غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے سپیشل پروٹیکشن فورس بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ریڈ زون سمیت تمام اہم دفاتر و مقامات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔ انہوں نے ایف آئی آر کے اندراج کو 100 فیصد یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی آر کا اندراج نہ کرنا یا تاخیر کسی طور قبول نہیں،ایف آئی آر درج نہ کرنے پر متعلقہ پولیس افسر کے خلاف کارروائی ہو گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اسلام آباد میں امن عامہ کی صورتحال سے متعلق اہم اجلاس کے موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس،علی ناصر رضوی نے امن و امان کی صورتحال کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی سمیت تمام ڈی آئی جیز اور سی ٹی او نے بھی شرکت کی۔

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.