بیروت (العربیہ ڈاٹ نیٹ، ایجنسیاں) — جنوبی لبنان کے ضلع صیدا میں اسرائیلی ڈرون حملے میں ایک کار کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق ہو گیا۔
لبنان کی نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق، “اسرائیلی ڈرون نے رومین وادی دیر الزہرانی روڈ پر ایک کار پر حملہ کیا” جس میں کار مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور موقع پر موجود ایک شخص ہلاک ہو گیا۔
لبنانی وزارت صحت عامہ کے ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے بھی تصدیق کی کہ یہ حملہ دیر الزہرانی روڈ پر کیا گیا تھا اور اس واقعے میں ایک شہری کی جان گئی۔
واضح رہے کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان 27 نومبر کو جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت اسرائیل کو 60 دن کے اندر لبنانی سرزمین سے انخلا کرنا تھا۔
تاہم اس معاہدے پر عمل درآمد کی مدت 18 فروری تک توسیع کی گئی، لیکن اسرائیلی افواج اب بھی جنوبی لبنان کے کئی علاقوں میں موجود ہیں، جس سے خطے میں کشیدگی برقرار ہے۔
یہ حملہ ایسے وقت پر ہوا ہے جب اسرائیل اور لبنان کے درمیان سرحدی کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اور اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں عام شہریوں کی ہلاکتیں بھی ہو رہی ہیں۔
لبنانی عوام اور حکومت نے بارہا اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیلی خلاف ورزیوں کو روکا جائے اور لبنانی خودمختاری کا احترام یقینی بنایا جائے۔
Comments are closed.