اسرائیل کا ایران پر فضائی حملہ، تہران میں دھماکے، ملک بھر میں ہائی الرٹ

اسرائیل نے جمعہ کی صبح ایران پر فضائی حملے کیے ہیں جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی نئی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ ایرانی دارالحکومت تہران اور نطنز میں زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ رہائشی علاقوں میں آگ بھڑک اٹھنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق، تہران میں علی الصبح متعدد دھماکوں سے شہری خوفزدہ ہو گئے۔ نطنز کے قریب واقع جوہری تنصیبات کے ارد گرد بھی دھماکے سنے گئے، جن کے بارے میں تاحال سرکاری طور پر تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق متعدد افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق، فضائی دفاعی نظام کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے جبکہ تہران کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر تمام پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔ ایرانی حکومت نے سکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے تاکہ صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔

دوسری جانب، اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا ملک ایران کے خلاف ایک “احتیاطی ضرب” مار چکا ہے۔ ان کے مطابق، یہ کارروائی ممکنہ ایرانی حملے کی پیش بندی کے تحت کی گئی ہے۔ انہوں نے ملک بھر میں سول ڈیفنس اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔

العربیہ کے نمائندے کے مطابق اسرائیل میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور عوامی مقامات پر سائرن بجائے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو ممکنہ جوابی حملوں سے خبردار رکھا جا سکے۔ اسرائیل کو خدشہ ہے کہ ایران کی جانب سے میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے جوابی کارروائی کی جا سکتی ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ خطے میں مزید کشیدگی اور ممکنہ جنگ کی راہ ہموار کر سکتا ہے، جس کے سنگین عالمی اثرات ہو سکتے ہیں۔

Comments are closed.