اسلام آباد – وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیل کی ایران پر کھلی جارحیت کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برادر اسلامی ملک ایران کے خلاف اسرائیلی حملہ ناقابل قبول اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اس جارحیت کے نتیجے میں سیکڑوں افراد شہید اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔
وزیراعظم نے بتایا کہ جنگ شروع ہونے کے روز ہی انہوں نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور ترک صدر رجب طیب اردوان سے رابطہ کیا اور ایرانی عوام کے ساتھ پاکستانی قوم کی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کا خواہاں ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ایران اور اسرائیل کے درمیان فوری جنگ بندی کیلئے مؤثر کردار ادا کرے۔
شہباز شریف نے فلسطینی عوام کے مصائب پر بھی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت نے انسانیت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ اب تک 50 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں زخمی ہیں۔ ظلم کا یہ بازار بند ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نائب وزیراعظم ترکیہ میں ہونے والے او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں فلسطین کے حق میں پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔
بجٹ اور معیشت پر اہم اعلانات
وزیراعظم نے اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ زراعت پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا، بلکہ زرعی شعبے کی ترقی کو بجٹ میں ترجیح دی گئی ہے۔ تنخواہ دار طبقے کیلئے تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ چھ سے بارہ لاکھ روپے سالانہ آمدن پر ٹیکس کی شرح صرف ایک فیصد رکھی گئی ہے تاکہ مہنگائی سے متاثرہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
شہباز شریف نے بتایا کہ سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کے لیے ایک ہزار ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی محنت کے نتیجے میں معیشت بتدریج استحکام کی جانب گامزن ہے، اور 2023 کے مشکل ترین حالات میں بھی ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا گیا۔
بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی مؤثر نمائندگی
وزیراعظم نے بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں امریکہ اور یورپ میں پاکستانی وفد کی سفارتی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ انہوں نے پاکستان کا مؤقف عالمی سطح پر مؤثر انداز میں پیش کیا، جو قابل تحسین ہے۔
دہشتگردی اور قومی سلامتی پر موقف
وزیراعظم نے سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے قوم کی حمایت سے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے حکومتی عزم مضبوط ہے اور سیکیورٹی اداروں کی تمام ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔
Comments are closed.