اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری، ایک ہی خاندان کے 14 افراد جاں بحق

غزہ: اسرائیل کی جانب سے غزہ پر فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں تباہی اور جانی نقصان میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ بدھ کی شام اسرائیلی بمباری میں ایک ہی خاندان کے 14 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔

العربیہ/الحدث کے نامہ نگار کے مطابق اسرائیلی توپ خانے نے غزہ شہر کے الزیتون محلے اور شمالی غزہ میں مشرقی بیت حنون کو نشانہ بنایا۔

منگل سے جاری حملوں میں پٹی کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں زمینی کارروائیاں بھی تیز کر دی گئی ہیں۔

غزہ کے شہری دفاعی حکام نے اطلاع دی ہے کہ بیت لاہیہ کے قصبے میں ایک مکان پر اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی، جس میں ایک ہی خاندان کے 14 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بصل کے مطابق یہ حملہ قصبے کے السلطان علاقے میں ہوا، جہاں متاثرین کو زخمی حالت میں انڈونیشیا کے اسپتال منتقل کیا گیا۔

یہ حملے ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب پہلے سے محصور غزہ کے باسی شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

انسانی حقوق کی تنظیموں نے ان حملوں کی شدید مذمت کی ہے اور عالمی برادری سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔

Comments are closed.