لاہور : مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت چھوٹے بھائی چودھری وجاہت کے الزامات پر برس پڑے۔
مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت نے اپنے بھائی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میرے بیٹوں پر آصف زرداری سے ڈالر مانگنے کی باتیں بیہودہ ہیں، سالک حسین نے میرے کہنے پر شہباز شریف کو وزیراعظم کیلئے ووٹ دیا ، ہم نے کسی سے کوئی وزارت نہیں مانگی۔ میرے کہنے پر میرے بچے فی الحال خاموش ہیں۔
چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ وجاہت حسین نے نئی جماعت بنانی ہے تو بنا لیں ، ملک میں ایک نئی جماعت بننے سے فرق نہیں پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ طارق بشیر چیمہ پر چودھری خاندان کو تقسیم کرنے کا الزام جھوٹ ہے، گجرات جا کر بتاؤں گا کس کا کون سا حلقہ ہے؟
گزشتہ روز چودھری وجاہت حسین نے نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ طارق بشیر چیہ نے ہمارے خاندان کو تقسیم کردیا، افسوس ہے کہ چودھری شجاعت حسین کا بیٹا زرداری سے ڈالرز مانگ رہا ہے حالانکہ زردرای جتنے پیسے بانٹتا پھرتا ہے، اتنے تو چودھری شجاعت حسین خیرات دیا کرتے ہیں۔چودھری شجاعت حسین کو ان کے بیٹوں نے یرغمال بنا رکھا ہے، انہیں ان کی اولاد خراب کر رہی ہے، پانچ ماہ سے دونوں بھائیوں کو اکٹھا کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔
Comments are closed.