لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے مبینہ ڈیل کے حوالے سے جو باتیں کی جا رہی ہیں، وہ اعظم سواتی کی ذاتی رائے ہو سکتی ہیں۔ ان کے مطابق جب تک بانی پی ٹی آئی عمران خان سے براہ راست ملاقات نہیں ہوتی، مذاکرات یا کسی بھی ڈیل پر حتمی بات نہیں کی جا سکتی۔
لاہور میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ “ہمیں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہیں کرنے دی جا رہی تاکہ صورت حال واضح نہ ہو۔ اگر ملاقات ہو جائے تو معلوم ہو سکے گا کہ عمران خان نے واقعی کسی کو مذاکرات کا اختیار دیا ہے یا نہیں۔”
انہوں نے کہا کہ پارٹی کی واضح پالیسی ہے کہ ہم ہمیشہ شفاف انتخابات، قانون کی حکمرانی، شخصی آزادیوں اور بنیادی حقوق کی بحالی کے لیے کوشاں رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ “اگر کوئی بھی عمل ان اصولوں کے مطابق آگے بڑھتا ہے تو ہم اسے خوش آمدید کہیں گے، لیکن اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ کسی خفیہ یا ‘پتلی گلی’ سے باہر نکلا جا سکتا ہے تو ایسا نہیں ہو سکتا۔”
یاد رہے کہ حال ہی میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اعظم سواتی نے بیان دیا تھا کہ عمران خان اب بھی مذاکرات کے لیے تیار ہیں، اور اگر اسٹیبلشمنٹ مذاکرات کرنا چاہتی ہے تو بانی پی ٹی آئی کی حمایت انہیں حاصل ہو سکتی ہے۔
Comments are closed.