پاکستان میں ’را‘ نہیں، بلکہ خود بھارتی فوج دہشتگردی کرا رہی ہے:ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چودھری نے ایک اہم پریس بریفنگ میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور فالز فلیگ آپریشنز کو بے نقاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کو سات دن گزر چکے ہیں، لیکن بھارت کی طرف سے صرف الزامات لگائے جا رہے ہیں، کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔ بھارت کی یہ پرانی روش ہے کہ بغیر کسی تحقیق کے پاکستان پر الزامات عائد کرتا ہے جبکہ ہم ناقابل تردید شواہد کے ساتھ دنیا کے سامنے سچ رکھتے ہیں۔

بھارتی تربیت یافتہ دہشت گرد کی گرفتاری

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 25 اپریل کو جہلم کے قریب بھارتی تربیت یافتہ دہشت گرد عبدالمجید کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے قبضے سے ڈھائی کلو وزنی بم، انڈین ساختہ ڈرون اور دس لاکھ روپے نقدی برآمد ہوئی۔ یہ تمام سامان بھارت سے فراہم کیا گیا تھا، اور اس کا مقصد پاکستان میں دہشت گردی پھیلانا تھا۔

بھارتی فوجی افسران کا نیٹ ورک بے نقاب

تحقیقات سے معلوم ہوا کہ عبدالمجید کا براہ راست رابطہ بھارتی فوج کے صوبیدار سکھویندر سے تھا۔ فون سے حاصل کردہ شواہد کے مطابق اس کی گفتگو بھارت کے کم از کم چار فوجی افسران سے ہوئی، جن میں میجر سندیپ ورما، حوالدار امیت، سکھویندر اور ایک سپاہی شامل ہیں۔ ان افسران کی جانب سے عبدالمجید کو دہشت گردی کے احکامات اور رہنمائی فراہم کی جاتی رہی۔

پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں اور اعتراف

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق عبدالمجید نے خود اعتراف کیا کہ اس نے 30 نومبر کو جلالپور جٹاں میں ایک فوجی گاڑی کو آئی ای ڈی سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں چار اہلکار شہید ہوئے۔ اس حملے کے بعد اسے 6 لاکھ 56 ہزار روپے بطور انعام دیے گئے۔ اس کے علاوہ 22 نومبر کو ہیڈ مرالہ، 18 مارچ کو کوٹلی اور 22 اپریل کو ندالہ کے قریب بھی دہشت گردی کی منصوبہ بندی کی گئی۔

ڈرونز کے ذریعے بارودی مواد کی ترسیل

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی ہینڈلرز دہشت گردوں کو ڈرون کے ذریعے آئی ای ڈیز فراہم کرتے ہیں اور بم بنانے کی ویڈیوز بھیجتے ہیں۔ یہ مواد خفیہ مقامات پر چھوڑا جاتا ہے جہاں سے دہشت گرد انہیں اٹھاتے ہیں۔ عبدالمجید نے بھی ایک مقام سے ڈرون کے ذریعے بھیجی گئی آئی ای ڈی اور بم اٹھائے تھے۔

بھارتی فوج کا اعتراف جرم

میجر جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ یہ محض انٹیلیجنس ایجنسی “را” کی کارروائی نہیں بلکہ بھارتی فوج خود پاکستان میں دہشت گردی کرا رہی ہے۔ ایک بھارتی فوجی افسر نے اعتراف کیا کہ وہ بلوچستان سے لاہور تک دہشت گردی کی کارروائیاں کر چکا ہے۔ یہ ریاستی دہشت گردی اور ٹیرر فنانسنگ کا کھلا ثبوت ہے، جسے دنیا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

Comments are closed.