اسمبلی تحلیل کرنے میں ذرا دیر نہیں ہو گی، پرویزالہٰی کی عمران خان سے ملاقات
پنجاب اسمبلی عمران خان کی امانت ہے اور ہر فیصلے میں عمران خان کا ساتھ دیں گے:وزیراعلیٰ پنجاب کی سابق وزیراعظم سے ملاقات کے بعد گفتگو،ملاقات میں پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے اورسیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال
لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی عمران خان کی امانت ہے اور ہر فیصلے میں عمران خان کا ساتھ دیں گے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ کے درمیان زمان پارک میں ہونے والی ملاقات 30 منٹ تک جاری رہی۔ ملاقات میں پنجاب حکومت ختم کرنے کے بارے میں مشاورت کی گئی۔
وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہیٰ اور پی ٹی آئی کے چیئرمن عمران خان کی ملاقات میں ق لیگ کے سینئر رہنما مونس الہٰی، حسین الہی بھی شریک تھے جبکہ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما پرویز خٹک بھی ملاقات میں شریک تھے۔
ملاقات کے بعد پرویز الہیٰ نے کہا کہ عدم اعتماد یا گورنر راج کے شوشے دل خوش کرنے کے لیے ہیں اور حزب اختلاف میں عدم اعتماد کا حوصلہ ہے نہ ان کے پاس نمبرز پورے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان کے کہنے پر پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے میں رتی بھر بھی تاخیر نہیں ہو گی۔ پنجاب اسمبلی عمران خان کی امانت ہے اور عمران خان کے ہر فیصلے کا ساتھ دیں گے۔ ہم جس کے ساتھ چلتے ہیں اس کا پورا ساتھ دیتے ہیں۔
Comments are closed.