لندن (نمائندہ خصوصی) – مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ ضمنی الیکشن میں کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ایک بار پھر مسلم لیگ ن پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور ن لیگ ملک کی ترقی میں مسلسل اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ “لوگ کام کو ووٹ دیتے ہیں اور کام کو ہی ووٹ ملتا ہے، صرف سیاست نہیں بلکہ کام ہونا چاہئے۔” انہوں نے اپنے دور حکومت کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے ہی پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنایا، ایٹمی دھماکے کیے، چین کے ساتھ جے ایف-17 تھنڈر طیارے تیار کیے اور ملک کو جدید میزائل ٹیکنالوجی فراہم کی۔
معاشی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ “ہمارے دور میں معیشت مستحکم تھی، روپے کی قدر چار سال تک برقرار رہی اور شرح نمو 7 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔” انہوں نے سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “پچھلی حکومت نے جو ملک کا حال کیا، مسلم لیگ ن اسے بتدریج بہتر بنا رہی ہے، اور آج حالات استحکام کی طرف لوٹ رہے ہیں۔”
نواز شریف خصوصی طیارے کے ذریعے پاکستان سے لندن کے لوٹن ایئرپورٹ پہنچے، ان کے ہمراہ ان کے صاحبزادے حسن نواز اور ذاتی معالج بھی موجود ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز شریف لندن قیام کے دوران اپنا مکمل طبی معائنہ کروائیں گے اور عیدالاضحیٰ بھی لندن میں ہی منائیں گے۔
Comments are closed.