بھارت کے شہر جودھ پور میں عید کے موقع پر ہندو مسلم فسادات۔۔۔ کرفیو نافذ

بھارتی شہر جودھ پور میں عیدالفطر کی تقریبات کے دوران مذہبی پرچم لہرانے کے تنازع کے بعد ہندو مسلم فسادات کے باعث مختلف علاقوں میں کرفیو نافذ کر کے انٹرنیٹ سروسز معطل کردی گئی ہیں۔

بھارتی خبر رساں ادارے ادارے اسکرول ان کے مطابق فسادات کا تازہ ترین سلسلہ پیر کی رات کو اس وقت شروع ہوا تھا جب ‘ہندو اور مسلم برادریوں کے ارکان نے جودھ پور میں جلوری گیٹ کے علاقے میں مذہبی پرچم لہرانے کے تنازع پر ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا۔

رپورٹ میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ رات 11 بجے کے قریب پیش آیا۔ اس علاقے کے قریب جہاں مسلمان نماز پڑھتے ہیں وہاں ہندو دیوتا پاراشورام کے جھنڈے تھے جبکہ جھنڈوں کو ہٹانے کے بارے میں تنازع پیدا ہوا کیونکہ مقامی مسلمان عیدالفطر کے موقع پر ہر سال جھنڈا لگاتے ہیں۔

 پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جلوری گیٹ علاقے کے قریب ایک مسجد بھی واقع ہے اس لیے پولیس نے ہجوم کو وہاں جمع ہونے کی اجازت نہیں دی اور جب ہجوم کومنتشر کرنے کے دوران کشیدگی بڑھی تو فریقین کی جانب سے ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا گیا۔

اس دوران علاقے میں نماز عید کے لیے نصب لاؤڈ اسپیکر بھی اتار دیے گئے، بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اس واقعے میں کم از کم پانچ پولیس اہلکاروں سمیت کئی دیگر افراد زخمی ہوئے، ان جھڑپوں کے دوران فسادیوں نے کئی گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیے اور کئی اے ٹی ایم میں بھی توڑ پھوڑ کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

جھڑپوں اور فسادات کے باعث شہر کے کئی علاقوں میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ رات سے ہی انٹرنیٹ سروسز معطل کر دی ہیں۔

Comments are closed.